بھونیشور، 4 /جنوری(آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز)ترنمول کانگریس کے ایم پی سدیپ بندوپادھیائے کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے طورپر پارٹی کارکنوں نے آج یہاں سی بی آئی کے ریاست صدردفتر کے باہر مظاہرہ کیا۔ایجنسی بندوپادھیائے کو کل دیر رات بھونیشور لے کر آئی ہے۔ترنمول کانگریس پارلیمانی پارٹی کے لیڈر بندوپادھیائے کو روز ویلی چٹ فنڈ گھوٹالہ کے سلسلے میں سی بی آئی نے کل کولکا تہ سے گرفتارکیاتھا۔ ایجنسی انہیں کل دیر رات ہی بھونیشور لے کر آئی ہے۔اس سے پہلے سی بی آئی نے ترنمول کے ایک دوسرے لیڈر تاپس پال کو اسی الزامات میں گرفتارکیاتھا۔وہ تین دن تک سی بی آئی کی حراست میں رہے تھے۔چوتھی بار لوک سبھا رکن منتخب ہوئے اور سابقہ منموہن سنگھ حکومت میں وزیر مملکت رہے بندوپادھیائے کو مبینہ طور پر مختلف سوالات کا تسلی بخش جواب نہیں دینے اورعدم تعاون کے رویہ کے الزام میں گرفتارکیاگیاہے۔ترنمول ممبر پارلیمنٹ کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے رام نگر سے رکن اسمبلی اکھل گری کی قیادت میں جمع ہوئے پارٹی کارکنوں نے یہاں سی بی آئی دفتر کے باہردھرنا دیا، ترنمول کانگریس کی اوڑیسہ اکائی کے کئی ارکان اور پارٹی کے ریاستی صدر آریہ کمار گیا نیندر نے بھی احتجاج میں حصہ لیا۔گیانیندر نے میڈیا سے کہاکہ سی بی آئی نے سدیپ بندوپادھیائے اور تاپس پال کو سیاسی وجوہات کی بناپرگرفتارکیاہے، ہم یقینی طور پر کارروائی کی مخالفت کریں گے۔ترنمول کانگریس کی ریاستی اکائی 10/جنوری کو بھونیشور میں بڑی احتجاج ریلی کا ارادہ رکھتی ہے۔مجوزہ احتجاجی ریلی میں ترنمول کانگریس کے کچھ مقبول لیڈروں کو بھی مدعوکیاجارہاہے۔ترنمول کانگریس کے دو رکنی وفد نے یہاں سی بی آئی حکام سے بھی ملاقات کی اور بندوپادھیائے اورپال کی گرفتاری کے خلاف احتجاج درج کرایا۔